پنجی ،7؍اگست (آئی این ایس انڈیا) گوا حکومت نے ریاست میں آنے والے لوگوں کے لیے نگیٹیو RT-PCR رپورٹ یا ویکسی نیشن کا مکمل سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا ہے۔ یہ فیصلہ آنے والے تہواروں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے کہا کہ ریاست میں کورونا کی مثبت شرح 2 فیصد سے بھی کم ہے۔سی ایم پرمود ساونت نے کہا کہ ریاست میں نئے کورونا کیسز کی مثبت شرح 1.8 سے 2 فیصد ہے۔ منفی آر ٹی پی سی آر رپورٹ یا مکمل ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ گوا کے دورے کے لیے لازمی ہے۔ آنے والے تہواروں کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے ایس او پی جاری کریں گے۔
جمعہ کو گوا میں کورونا کے 97 نئے کیسز رجسٹر ہوئے جس سے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 71 ہزار 705 ہوگئی۔ کم از کم 133 مریضوں کو اسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا جس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 67 ہزار 556 ہو گئی۔ ریاست میں کورونا کی وجہ سے ایک موت بھی ہوئی جس کے بعد اموات کی کل تعداد 3157 ہوگئی۔ گوا میں فی الحال 992 ایکٹیو کیس ہیں۔سی ایم ساونت نے کہا کہ ریاست میں انفیکشن سے مرنے والے 3 ہزار لوگوں میں سے 2 ہزار دوسری لہر میں مر گئے۔
ویکسی نیشن کے بعد صرف 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جنہیں دیگرشدید بیماری بھی تھی۔ ویکسی نیشن 95.5 فیصد اموات کو روک سکتی ہے۔ ساونت نے کہا کہ اگر تیسری لہر آگے آتی ہے تو ہم اس سے لڑ سکتے ہیں اور اموات کو روک سکتے ہیں۔ اموات کو روکنا ضروری ہے۔ ہمیں اس بات پر توجہ مرکوز کرنی ہے کہ ہم لوگوں کو کیسے بچا سکتے ہیں، اس کے لیے پہلے ڈاکٹر سے مشاورت کرنی ہوگی۔